تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مکمل تائید حاصل ہے تاہم شکایتوں کے ازالے کی خاطر انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں، چاہے وہ خیبر پختونخوا ہو یا انشااللہ وفاق کی سطح پر ہو، کرپشن کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
علی امین گنڈا پور کی وزارت اعلیٰ خطرے میں ہے؟عمران خان کا واضح حکم آگیا
سلمان اکرم راجہ pic.twitter.com/EyFw6yIEgR— Pak tv24 (@Paktv24) March 11, 2025
’خان صاحب نے بالکل واضح کہا کہ علی امین گنڈاپور کو ان کی تائید حاصل ہے، بطور وزیراعلیٰ وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں، جسے کوئی شکایت ہے اس کے لیے ہم ایک کمیٹی بنائیں گے، جو ہر شکایت کا جائزہ لے گی۔‘
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بیشتر شکایات سیاسی رقابت کے باعث بھی سامنے آتی ہیں، جنہیں بہت زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہیے، تاہم اگر شکایتوں میں کوئی وزن ہوا تو کمیٹی اسے دیکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا ہمارے لوگ تبدیلی نہیں صرف تبادلے چاہتے ہیں، علی امین گنڈا پور
’لیکن علی امین گنڈا پور کے حوالے سے خان صاحب نے کہا کہ سب سے کہہ دو کہ جو کوئی یہ بات کہتا ہے کہ ان کی وزارت اعلیٰ کو خطرہ ہے، وہ غلط کہتا ہے۔‘
جیل میں عمران خان کی طبیعت کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ عمران خان بہت پر عزم اور ہشاش بشاش ہیں اور انہوں نے ایک اتحاد کے قیام کے لیے کوششوں کو سراہا ہے۔
مزید پڑھیں: شیر افضل مروت کی پی ٹی آئی میں واپسی ممکن ہے یا نہیں؟ سلمان اکرم راجا کا بڑا بیان آگیا
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ان کی جے یو آئی کے رہنماؤں مولانا غفور حیدری اور سینیٹر کامران مرتضیٰ سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصول کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی جمہوریت، انسانی حقوق، شرافت کے لیے ہمارا ساتھ دے گا ہم اس کا خیر مقدم کریں گے، کوئی ہم پر احسان نہیں کرے گا، یہ پاکستان کی قوم کا تقاضا ہے کہ ان کے لیے آواز بلند کی جائے۔