اقوام متحدہ نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی مذمت کرکے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ ہم نے مسافر ٹرین کے واقعے کی رپورٹس دیکھیں، ہم یقیناً لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انہیں رہا کریں۔
ترجمان سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: جعفر ایکسپریس کو آزاد کرانے کے لیے فورسز کا آپریشن جاری، 155مسافر چھڑا لیے، 27 دہشتگرد ہلاک
اس واقعے کی اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مذمت کی تھی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔
منگل کو اپنے بیان میں صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کاروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشتگردوں کو پسپائی کی جانب دھکیل رہی ہیں، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔














