انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی کامیابی کے ساتھ میزبانی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بُری خبر، ہنڈریڈ لیگ میں کسی کھلاڑی کا انتخاب نہیں ہوسکا
اس سال کے ٹورنامنٹ نے 2017 کے بعد باوقار ایونٹ کی واپسی ممکن بنائی۔ یہ 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ تھا۔
8 ٹیموں پر مشتمل یہ مقابلہ، جس میں 15 میچز کھیلے گئے، 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کے 3 مقامات کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوا۔ جبکہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اہم اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش اور میچز کے لیے پچوں کی تیاری کا تذکرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق پوسٹ، پاکستان کا نام نہ لینے پر شدید تنقید
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ہم آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کی کامیابی سے میزبانی کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ اور اسے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ 1996 کے بعد ملک میں کھیلا جانے والا پہلا عالمی ملٹی ٹیم کرکٹ ایونٹ تھا، اس لیے یہ ایونٹ پی سی بی کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا، اور وہ تمام لوگ جو اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش، پلیئنگ سرفیس کی تیاری، میچز کی فراہمی، اور ٹیموں اور مہمانوں کی میزبانی میں شامل رہے، انہیں اپنی کوششوں پر بہت فخر ہونا چاہیے۔
ایلارڈائس نے دبئی میں ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں کی میزبانی کرنے پر امارات کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔