’ایک ہی سڑک پر 30 کرکٹ میچز‘، کرک انفو نے کراچی کی ویڈیو شیئر کردی

جمعہ 14 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں جہاں رمضان کا مہنیہ شروع ہوتے ہی مساجد اور دکانوں کی رونقیں بڑھ جاتی ہیں وہیں کھیل کے میدان بھی آباد ہو جاتے ہیں۔ کراچی میں اکثر دیکھا گیا ہے کہ ہر رات تراویح کی ادائیگی کے بعد کرکٹ کا دور شروع ہوتا ہے۔ رمضان میں نوجوان کھیل کے میدانوں کے علاوہ گلیوں اور سڑکوں پر بھی کرکٹ کھیل کرشوق پورا کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کرک انفو نے ایسی ہی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کراچی کی ایک ہی سڑک کے 30 مختلف مقامات پر نوجوان کرکٹ کھیل رہے ہیں جس سے ان کا کرکٹ کے لیے جنون دیکھنے میں آتا ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ کرک انفو نے لکھا کہ یہ کراچی میں رمضان نائٹ اسٹریٹ کا جنون ہے۔

عمران صدیقی لکھتے ہیں کہ سٹریٹ کرکٹ کے بغیر رمضان نا مکمل ہے۔

نوجوانوں کو سڑک کے اوپر کرکٹ کھیلتا دیکھ کر ایک ایکس صارف نے سوال کیا کہ اسٹیڈیم نہیں جاتے یہ لوگ؟

پاکستان کے معروف اداکار، گلوکار اور میزبان فخر عالم نے لکھا کہ یہ صرف کراچی کی ایک سٹریٹ ہے۔ ملک بھر میں کچھ زبردست ٹیپ بال ٹورنامنٹس اور وائٹ بال ٹورنامنٹس ہو رہے ہیں۔ وہاں کچھ شاندار ٹیلنٹ موجود ہے جو دریافت ہونے کا انتظار کر رہا ہے۔

معظم علی بیگ نے لکھا کہ کراچی میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مختلف جگہوں پر نائٹ کرکٹ کا اپنا معیار اور مزہ ہے۔ انہوں نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ابھی صرف ایک گلی ہے۔



عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ ’کراچی تو پھر کراچی ہے نا‘۔


آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp