پشاور میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر دینی درسگاہ کو نشانہ بنایا ہے، تھانہ ارمڑ کی حدود میں مدرسے میں دھماکا ہوا ہے جس میں معروف مذہبی شخصیت مولانا منیر شاکر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم کے مطابق مفتی منیر شاکر کو دھماکے کے بعد زخمی حالت میں ایل آر ایچ منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔
یہ بھی پڑھیں فتنہ الخوارج نے مولانا حامد الحق حقانی کو خواتین کی تعلیم کے حق میں بولنے پر نشانہ بنایا
ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا تھانہ ارمڑ کی حدود میں ہوا ہے، ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ دہشتگرد نے مولانا شاکر منیر کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے دیگر زخمیوں میں خوشحال، عابد اور سید نبی اور دیگر شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے حوالے سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں عالم دین کے خلاف بندوق اٹھانا جہاد نہیں دہشتگردی ہے، مولانا فضل الرحمان
واضح رہے کہ کچھ روز قبل دہشتگردوں نے ملک کی معروف درسگاہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں مولانا سمیع الحق شہید کے فرزند مولانا حامدالحق شہید ہوگئے تھے۔