کوئٹہ میں مختلف مقامات پر 3 زور دار دھماکے، ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

ہفتہ 15 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں مختلف مقامات پر یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک دھماکا شالکوٹ تھانے کے علاقے کرانی روڈ پر اے ٹی ایف کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار زخمی ہوئے، تاہم بعد میں ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

یہ بھی پڑھیں پشاور: مدرسے میں دھماکا، مفتی منیر شاکر جاں بحق، متعدد زخمی

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسرا دھماکا کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک موبائل کی دکان پر دستی بم سے حملہ کیا، تاہم اس میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس کے بعد تیسرا دھماکا ایئرپورٹ روڈ کے علاقے کلی شابو میں ہوا ہے، پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ آج پشاور کی مسجد میں دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں معروف عالم دین مولانا منیر شاکر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشتگرد حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دے دیا

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کرانی روڈ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

انہوں نے پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ (اے ٹی ایف) کے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے دلی افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں ہرنائی میں زوردار دھماکا، 11 مزدور جاں بحق 6 شدید زخمی

انہوں نے کہاکہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، شہید اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp