چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سیاسی مذاکرات کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے حکومت اور اپوزیشن سے ممبران کمیٹی کے لیے نام مانگ لیے۔
اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کے نام خط لکھا ہے۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ کمیٹی تشکیل دینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن بینچز سے 4 افراد کو نامزد کیا جائے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال میں سیاسی جماعتوں میں رابطے کا فقدان ہے۔
انہوں نے خط میں بتایا ہے کہ ان سے حکومت نے معاشی اور سیاسی بحران بشمول عام انتخابات کے انعقاد پر مذاکرات کا اغاز کرنے میں سہولت کاری فراہم کرنے کے لیے رابطہ کیا اورممبران سینیٹ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
صادق سنجرانی نے لکھا ہے کہ پارلیمنٹ ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، اس لیے میں نے یہ اہم ذمہ داری سنبھالی ہے۔
قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی مشترکہ کنوینر شپ میں سیاسی مذاکرات کے لیے 10 ارکان پر مشتمل پارلیمانی پارٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن سے 4 ارکان لیے جائیں گے۔ 2 روز کے اندر اپوزیشن اور حکومتی بنچز سے 4 ممبران کمیٹی کے لیے نامزد کیے جائیں گے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ چیئرمین آفس اور سینیٹ سیکریٹریٹ کمیٹی کی سہولت کاری کے لیے دستیاب رہے گا، پاکستان کی خاطر ہم سب متحد ہیں۔