آئی ایم ایف کے مطالبے پر لیوی میں اضافہ، پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی امید دم توڑ گئی

اتوار 16 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت آئی ایم ایف مطالبات کے سامنے ایک بار پھر ڈھیر، پیٹرولیم لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کیا پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے فی لیٹر کی کمی ہونے والی ہے؟

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی آئندہ 15روزہ قیمتوں میں استحکام اعلان کے اگلے ہی روز پیٹرول لیوی میں 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 60 سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں اضافےکا اطلاق آج (16 مارچ) سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹاف لیول معاہدے پر نمایاں پیشرفت، پاکستان نے قرض پروگرام کی شرائط پر سختی سے عملدرآمد کیا: آئی ایم ایف

میڈیا رپورٹ کے مطابق لیوی میں یکمشت 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ آئی ایم ایف کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق لیوی بڑھانے کا فیصلہ آئی ایم ایف کے قرض کی اگلی قسط کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا۔ اس حوالے سے ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل کا کہنا ہے کہ  یہ اقدام حکام کو ٹیکس ریونیو کی کمی کو پورا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر حکومت نے لیوی میں اضافہ کرکے ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کو روکا ہے، اس طرح عوام پر مالی بوجھ برقرار ہے۔

یاد رہے کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ اس وقت ہوا ہے جب ایک روز قبل ہی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی آئندہ 15روزہ قیمتوں میں استحکام کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp