بلوچستان کے ضلع خضدار کی قومی شاہراہ پر جھالاوان کمپلیکس کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انسپکٹر شربت خان شہید ہو گئے۔
ایس ایچ او خضدار صدر تھانہ خان محمد کے مطابق واقعہ عین اس وقت پیش آیا جب شہید ہونے والے ایس ایچ او اپنی رہائش گاہ سے دفتر جا رہے تھے۔ دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے وقت ایس ایچ او شربت خان گاڑی میں اکیلے تھے۔
ایس ایچ او خضدار کے مطابق دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ایس ایچ او شربت خان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شہید ایس ایچ او کے جسد خاکی کو خضدار سول اسپتال منتقل کیا۔
میڈیکل سپرنٹینڈنٹ (ایم ایس) سول اسپتال خضدار سید احمد کے مطابق شہید سی ٹی ڈی آفیسر کی شناخت انسپیکٹر شربت خان کے نام سے ہوئی۔ شہید آفیسر کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تاہم ضروری کارروائی کے بعد شہید کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔
دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔