پاکستان نے افغان عبوری حکومت کے ساتھ مسلسل مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم سفارت کار محمد صادق کو ہدایت کی کہ دوطرفہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کے لیے افغان عبوری حکومت کے ساتھ مسلسل مذاکرات کیے جائیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے ایمبیسیڈر محمد صادق نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورۂ افغانستان سے متعلق آگاہ کیا۔
دفترِخارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ایمبیسیڈر محمد صادق نے افغانستان میں قائم عبوری حکومت کے حکام سے اپنی ملاقاتوں اور دوطرفہ تعاون کے سلسلے میں ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کے لیے افغان عبوری حکومت کے ساتھ مسلسل مذاکرات پر زور دیا۔
اجلاس میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سمیت وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ افغان طالبان حکام کے ساتھ سفارتی رابطہ کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے 21 سے 23 مارچ تک افغانستان کا سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے افغان عبوری حکومت سے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ہدایت پر کیے جانے والے اس دورے میں محمد صادق خان نے افغان عبوری حکومت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال سمیت دیرینہ امور پر بات چیت کی۔ افغانستان کے اس دورے کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کے فروغ سمیت دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنا تھا۔
ترجمان کے مطابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان نے 22 مارچ کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی، اور اس دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ صادق خان نے ملاقات میں سیکیورٹی سے جڑے مسائل نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں امن و سلامتی، تجارتی اور اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
ترجمان کے مطابق صادق خان نے افغانستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، صادق خان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام تشویش کے مسائل سے نمٹنے پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا، فریقین نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے علاقائی تجارت اور رابطوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نمائندہ خصوصی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو افغان قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا، اور اسحاق ڈار نے افغان فریق کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا، اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔














