پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی حملہ کیس میں رکن اسمبلی سمیت 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
پشاور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ولی محمد نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملہ کیس کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بریت کی درخواست خارج
اس موقع پر پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیاکہ ایم پی اے ارباب وسیم اور دیگر ملزمان سماعت کے دوران پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پراسیکویشن کے مطابق ایم پی ایم سمیت دیگر ملزمان ریڈیو پاکستان پر حملہ کیس میں نامزد ہیں، 9 مئی کو ملزمان نے دیگر ساتھیوں سے مل کر احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نذر آتش کیا۔
پراسیکویشن نے مؤقف اختیار کیاکہ تھانہ شرقی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، اور تحقیقات مکمل کرکے ٹرائل شروع کیا گیا، اب ملزمان پیش نہیں ہورہے۔
یہ بھی پڑھیں جوڈیشل کمپلیکس میانوالی حملہ کیس، عمر ایوب سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
عدالت نے عدم پیشی پر ایم پی اے ارباب وسیم سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی۔