وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینیئر جنرل من آنگ ہلینگ، چیئرمین اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن کونسل و وزیر اعظم میانمار سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور میانمار میں 28 مارچ 2025 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے میانمار کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان زلزلے سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں: میانمار میں 7.7 شدت کا زلزلہ، ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک 732 زخمی
انہوں نے میانمار کے وزیراعظم کو یہ بھی بتایا کہ ان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی قریباً 70 ٹن امدادی سامان میانمار کے لیے روانہ کرے گی، جو 2 کھیپ میں اگلے 48 گھنٹوں میں زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پہنچ جائے گی۔
وزیراعظم نے میانمار کے عوام کی بہادری اور استقامت پر اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد اس قدرتی آفت پر قابو پالیں گے۔
میانمار کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے حسن سلوک کو سراہا اور مشکل کی اس گھڑی میں میانمار کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ میانمار میں 28 مارچ 2025 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 1700 افراد ہلاک، 3400 زخمی جبکہ 300 افراد لاپتا ہیں۔