امریکی سفیر کی فواد چوہدری کے گھر پر دعوت، سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے

جمعہ 28 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکی سائفر یا امریکی سازش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بہت بڑی مہم چلائی اور عمران خان بھی تقریباً اپنے ہر خطاب میں اپنی حکومت گرائے جانے کا الزام امریکا پر ہی لگاتے نظر آئے لیکن اب لگ رہا ہے کہ ہواؤں کا رخ بدل گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نےامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو اپنے گھر دعوت پر مدعو کیا ہے۔

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے مل کر ان کو بہت خوشی ہوئی۔

فواد چوہدری کی اہلیہ کے تصویر شیئر کرنے کے بعد ہونا کیا تھا؟ جی بالکل وہی ہوا جو آپ سوچ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی خوب درگت بنائی۔

عظیم بٹ نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ امریکی سازش گئی تیل لینے۔

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے حبا فواد کی ٹوئٹ پر لکھا کہ حقیقی آزادی کا سفر رواں دواں ہے جبکہ امریکی سازش کا رونا رونے والے اب امریکا کے سفیر کو گھر پر مدعو کر کے خوشی سے نڈھال ہیں۔

دوسری جانب معروف صحافی کامران یوسف نے فواد چوہدری کی چپل کو زیر بحث رکھتے ہوئے لکھا کہ فواد چوہدری کی چپل سے لگتا ہے کہ ملاقات مختصر نوٹس پر ہوئی۔ ہو سکتا ہے کہ امریکی پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم مذاکرات کی پیشرفت جاننے کے خواہش مند ہوں۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ بھابھی بھی اب ڈپلومیسی کر رہی ہے۔

محمد افضل نامی صارف امریکی سازش کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ امریکی سازش کا چورن اب ختم ہو گیا ہے اب کوئی نیا چورن بیچو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp