بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ سے دیگر شہروں کے لیے فضائی سفر مہنگا ہونے اور پروازوں کی تعداد میں کمی پر سخت نوٹس لے لیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری بلوچستان، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ، جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس شوکت علی رخشانی نے درخواست گزار اختر محمد کاکڑ کی آئینی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کوئٹہ سے دیگر شہروں کے لیے فضائی کرایوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، اور پروازوں کی فریکوئنسی بھی جان بوجھ کر کم کی جا رہی ہے۔
عدالت نے مشاہدہ کیا کہ یہ طرز عمل نہ صرف شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پاکستان کے آئین، سول ایوی ایشن ایکٹ، اور مسابقتی قوانین کی بھی ممکنہ خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ وضاحت کرے، کیا انہوں نے قیمتوں اور سروسز پر نظر رکھنے اور مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی عملی اقدامات کیے؟ اسی طرح کمپیٹیشن کمیشن کو بھی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ یہ تعین ہو سکے کہ کہیں ایئرلائنز کارٹل بنا کر مارکیٹ پر قبضہ تو نہیں کر رہیں۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وزارت ہوا بازی کی جانب سے تبصرہ داخل کرنے کے لیے مہلت مانگی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جواب دہندہ نمبر 4 کو نوٹس بھجوا دیا گیا تھا، لیکن وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔