ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا، عمرایوب کا شکوہ

جمعرات 10 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ آج پھر ہمیں عمران خان سے ملنے سے روک دیا گیا ہے، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور ہیڈ محرر نے عدالتی احکامات وصول نہیں کیے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان سے ملنے کے لیے اڈیالہ جیل گئے تھے، جیل کے اندر سے کہا گیا کہ سب کو اکٹھا ہونے دیں پھر اجازت دیں گے، پولیس افسران نے ہمارے ساتھیوں کو روکا اور آگے نہیں جانے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس، پی ٹی آئی ملاقات:عمرایوب نے وکلا کو ہراساں کیے جانے کی شکایت کی، سپریم کورٹ اعلامیہ

عمرایوب نے کہا کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور ہیڈ محرر نے عدالتی احکامات وصول نہیں کیے، جیل عملہ نے بتایا جیل سپرنٹنڈنٹ کے احکامات ہیں کوئی آرڈر وصول نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کو یہاں زدوکوب کیا گیا، حامد رضا، شفقت اعوان، طیبہ راجہ اور عالیہ حمزہ کو یہاں سے گرفتار کیا گیا، پولیس اہلکار خود کو ریاست سے بڑا سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات ہمارا اندرونی معاملہ ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اس سے کیا لینا دینا، ہمارا مقصد ایک ہے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سمیت گرفتار لیڈرز کی رہائی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی مشن اور اسلام آباد ہمارا ہدف ہے، عمرایوب

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ سیاسی مذاکرات کس سے کریں؟ شہباز شریف، مریم نواز سے مذاکرات کریں ان کے پلے کیا ہے؟  وزیراعلیٰ بلوچستان سے مذاکرات کریں، ان کے پلے کیا ہے۔

اس سے قبل ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمرایوب نے کہا کہ جوڈیشل سسٹم اور پولیس سسٹم میں ریفارمز کی ضرورت ہے، پرسوں اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا، جبکہ اس موقع پر لوگوں کو گرفتار کیا گیا، پاکستان کو ضرور ہارڈ سٹیٹ ہونا چاہیے لیکن اس کی بنیاد آئین اور قانون ہونا چاہئے۔

انہوں نے پی ٹی آئی میں گروپنگ کے حوالے سے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ہمارے اندرونی معاملات سے کیا لینا دینا؟ پی ٹی آئی چوہدراہٹ والی پارٹی نہیں، عمران خان کی قیادت میں پارٹی متحد ہے۔ بانی پی ٹی آئی سب کی سنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’پارٹی کو دبایا جارہا ہے‘، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو ڈوزیئربھیج دیا

عمرایوب نے مزید کہا کہ معدنیات بل پاس کرنا نہ کرنا صوبائی اسمبلی اور صوبائی حکومت کا معاملہ ہے، گرینڈ الائنس کے معاملے پر ہماری جدوجہد جاری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کو کہوں گا کہ ہم سب کو بلائیں، انویسمنٹ کا بنیادی اصول ہے اس ملک میں آئین اور قانون دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منرل کانفرنس کے وقت اڈیالہ میں گرفتاریاں ہو رہی تھی، میں نے جے آئی ٹی میں آئی جی کو کہا تم بیٹھ نہیں سکتے، میں نے تمہاری پیٹی اتارنے کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp