وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کررہی ہیں، افغان حکومت دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان برادر اور ہمسایہ ملک ہے، اب یہ افغانستان پر منحصر ہے کہ ہمسایے کے طور پر رہتا ہے یا تنازعات کے ساتھ۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان افغانستان کے لیے اپنی خدمات بیان کرنے میں کمزور ہے، فخر کاکاخیل
شہباز شریف نے کہاکہ دوحہ معاہدہ تھا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، ہم نے افغان عبوری حکومت کو کئی بار اس حوالے سے پیغام بھی بھیجا ہے۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ بیلا روس کا دورہ کامیاب رہا، ڈیڑھ لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو بیلا روس بھیجا جائےگا، اس حوالے سے مفاہمت ہو چکی ہے۔ جبکہ زراعت کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نواز شریف کی قیادت میں قوم کی خدمت کررہے ہیں، تیزی سے ترقی کرتا ہوا پاکستان ہماری منزل ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم سپر پاکستان اسپیڈ سے قوم کی خدمت کررہے ہیں، اجتماعی کاوشوں، قوم کی دعاؤں اور شبانہ روز محنت سے کامیابی کی منزل حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے دہشتگرد افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں استعمال کرتے ہیں، پاکستان
انہوں نے مزید کہاکہ آج سے پاکستان میں اوورسیز کنونشن کا آغاز ہو رہا ہے، جو تاریخی قدم ہے۔