پرویز الہی کی 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور، پولیس ایکشن کے خلاف درخواست دائر

ہفتہ 29 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی  کی 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔ جبکہ چوہدری پرویز الہی کے گھر پولیس ایکشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی  کی 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔ گوجرانوالہ اینٹی کرپشن میں درج مقدمہ میں چوہدری پرویزالٰہی کی حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے تحریری حکم نامہ میں لکھا ہے کہ چوہدری پرویزالٰہی کی 6 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے چوہدری پرویزالٰہی کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

تحریری فیصلہ کے مطابق کیس کے میرٹ پر جائے بغیر درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کی گئی ہے۔

پرویز الہی کے گھر پولیس ایکشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

دوسری طرف چوہدری پرویز الہی کے گھر پولیس ایکشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ہے۔

چوہدری پرویز الہی اور فیملی ممبران کو گرفتار کرنے سے روکنے اور پولیس ایکشن کےخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست میں حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن آئی جی پنجاب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست چوہدری پرویز الہی کے بیٹے راسخ الہی نے اپنے وکیل عامر سعید راں کے توسط سے دائر کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت ملنے کے باوجود اینٹی کرپشن اورپولیس نے گھر پر دھاوا بولا۔ پولیس ایکشن سے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیاگیا۔

پرویز الہی کے گھرپرموجود نہ ہونے کے باوجود گھر کی تلاشی کے نام پرتوڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس نے مرکزی دروازہ بکتر بند گاڑی سے توڑا۔ خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا.

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے قانون ہاتھ میں لے کربنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس ایکشن روکنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔ اور عدالتی فیصلہ آنے تک پرویز الہی اور ان کے گھر کے کسی بھی فرد کوگرفتارکرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp