پاکستان نے فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ قرارداد پر سوشل میڈیا پوسٹوں کو گمراہ کن قرار دے دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ قرارداد پر بعض سوشل میڈیا تبصروں کی بنیاد غلط میڈیا رپورٹس پر ہے، پاکستان نے او آئی سی کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے قرارداد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں فلسطین کے معاملے پر پاکستان ہر جگہ سرفہرست، ہم قائداعظم کی پالیسی پر کھڑے ہیں، وزیر قانون اعظم نذیر
ترجمان نے کہاکہ یہ قرارداد پاکستان کی نہیں بلکہ جنیوا میں او آئی سی گروپ کی سالانہ مشترکہ پیشکش تھی، قرارداد کا متن فلسطینی وفد کی منظوری اور او آئی سی کی تائید سے پیش کیا گیا۔ پاکستان نے کسی بھی مرحلے پر قرارداد کے متن میں یکطرفہ ترمیم نہیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہاکہ قرارداد کا مقصد تجویز کو ختم کرنا نہیں بلکہ اسے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سپرد کرنا ہے۔
ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اسرائیلی مفادات کو تسلیم کرنے کی قیاس آرائیاں بےبنیاد ہیں، پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر اسرائیل سے رابطہ نہیں کیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں فلسطین کے حق میں پاکستان کی مؤثر آواز، سلامتی کونسل کے کردار پر سوال اٹھا دیا؟
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی جانب سے فلسطینی وفد کی درخواست پر او آئی سی کی مزید 2 قراردادیں بھی پیش کی گئیں، فلسطین کے حوالے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔