وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو منتقل کرنا خوش آئند قرار دیا ہے، ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات سے آمدن بلوچستان کی اہم شاہراہ اور کچھی کینال منصوبے کی تکمیل کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا خالدمگسی اور جام کمال کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے بلوچستان کے عوام کے لیے یہ خیر سگالی کا اقدام ہے، وفاقی حکومت کے اقدام سے کچھی کینال کی تعمیریقینی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے مسائل کوئٹہ ہی میں حل کیے جائیں گے، میرسرفراز بگٹی
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں کی طرف سے صدر اور وزیراعظم کا شکرگزار ہوں، کراچی تا کوئٹہ آر سی ڈی شاہراہ کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔’ہر مسئلے کا حل پارلیمنٹ اورسیاست ہے،کچھی کینال سے زرعی انقلاب آئے گا، کچھی کینال کے فیز 2 کے لیے بھی پیسے مختص کیے گئے ہیں۔‘
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان کی ہر شاہراہ کھلی ہوئی ہے، ہم نے فیصلہ کیاتھا کہ بلوچستان کی کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، بارڈر ٹریڈ اور اسمگلنگ میں بہت فرق ہے، اسمگلنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو ٹریڈ کا موقع دیاجائے۔
مزید پڑھیں:انٹرنیٹ سروسز کو بلوچستان کے حالات کے مطابق ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہے، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
اس موقع پر وزیرتجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور پاکستان کے ایک نہیں کئی دشمن ہیں، کچھ لوگوں کو پاکستان اور بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، وہ آنے والے دنوں میں بلوچستان کی ترقی سے خائف ہیں، انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی کا ثمر عوام کو ملے گا۔
وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی، انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا، ، وزیراعظم اور تمام اسٹیک ہولڈر زملک کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، ہم نے ملک میں یکساں ترقی کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں: علیحدگی پسندوں سے دہشتگردوں جیسا برتاؤ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سرفراز بگٹی
وفاقی وزیرخالدمگسی نے کہا کہ بلوچستان کے لیے این 25کامنصوبہ دینے پر وہ وزیراعظم شہبازشریف کے مشکور ہیں، انہوں نے وزیراعلی بلوچستان سرفرازبگٹی کو ایک دوراندیش انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کاحل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
خالد مگسی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے منصوبے پربھی عملدرآمدجاری ہے،کچھی کینال منصوبے سے تقریباً 8 لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔