بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی ملک کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کے بعد تحفظات سامنے آئے ہیں۔
بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم بالکل بھی خوش نہیں ہیں، ہم نے انہیں بتا دیا ہے کہ اگر عام انتخابات کا انعقاد دسمبر تک نہیں ہوتا تو ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال مزید تنزلی کا شکار ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چیف ایڈوائزر کو بتا دیا ہے کہ انتخابات کے لیے دسمبر حتمی ڈیڈلائن ہے۔
میٹنگ میں چیف ایڈوائزر محمد یونس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں انتخابات دسمبر سے جون کے درمیان ہوسکتے ہیں تاہم بی این پی کے وفد نے دسمبر تک ہرحال میں الیکشنز کرانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور بنگلہ دیش کا مستقبل میں روابط بڑھانے اور تعاون جاری رکھنے کا عزم
واضح رہے کہ بی این پی کے 7 رکنی وفد نے مرزا فخر الاسلام کی قیادت میں محمد یونس سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد اس سال دسمبر تک انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل بنانا تھا۔