سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے امریکی نائب صدر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انہیں مارنے کے لیے انعام رکھا ہے، امریکا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھائے۔
یہ بھی پڑھیں: سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں کا امریکا سے بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
گرپتونت سنگھ پنوں کی جانب سے امریکی نائب صدر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے ایک سینیئر کارکن نے میرے قتل پر2 لاکھ 50 ہزار ڈالر انعام رکھا ہے، میرے قتل پر انعام کا اعلان امریکی خودمختاری اور قومی سلامتی پربھی براہ راست حملہ اور امریکی شہری کے قتل کے ارتکاب کا مجرمانہ عمل ہے۔
انہوں نے خط میں لکھا کہ نائب صدر وانس اس عمل کو ریاست کی زیر سرپرستی پر تشدد بین الاقوامی جبر کے طور پر لیں، آپ سے دورہ بھارت میں اس معاملے کو اٹھانے کی درخواست کرتا ہوں، آپ بھارتی حکومت کو ممکنہ اثرات سے خبردار کریں اور امریکی قانون کے تحت بھارت کو قانونی کارروائی، اقتصادی پابندیوں سے خبردار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ کردیا
انہوں نے امریکی نائب صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اداروں کو غیرملکی دہشتگرد کے طور پر نامزد کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ اقتصادی یا سفارتی تحفظات سے قطع نظر امریکا میں خالصتان ریفرنڈم کے منتظمین کی آئینی آزادی اور تحفظ کو برقرار رکھا جائے گا۔