پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج سے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کا آغاز کرے گی

اتوار 30 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج سے سعد بیگ کی قیادت میں چٹاگام کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف شروع ہونے والے 4 روزہ میچ میں سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 11 روزہ کیمپ کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم 26 اپریل کو ڈھاکا پہنچی اور ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں دو پریکٹس سیشن بھی کیے۔

پاکستان انڈر 19 اور بنگلہ دیش انڈر 19 کے درمیان ون ڈے سیریز ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔ 4 روزہ میچ کے علاوہ دونوں ٹیمیں 6 سے 17 مئی تک 50 اوورز کے (ون ڈے) 5 میچز اور ایک ٹی 20 میچ کھیلیں گی۔

یہ سیریز پاکستان انڈر 19 کو گزشتہ سال نومبر میں ملتان میں بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف گزشتہ سیریز کی نسبت کارکردگی بہتر بنانے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔ سعد بیگ کی ٹیم کو 3 ایک روزہ میچوں میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ 2 ٹی 20 میچز 1-1 سے برابر ہوگئے تھے۔ سیریز کا واحد چار روزہ میچ ڈرا ہوا تھا۔

قوی امید ہے کہ گزشتہ برس ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 4 سے 7 نومبر کو کھیلے جانے والے 4 روزہ میچ کی دوسری اننگز میں سنچریاں بنانے والے کپتان سعد بیگ اور دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز وہاج ریاض اس سیریز میں بھی اپنی فارم برقرار رکھیں گے۔

اُدھر بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم شیئر ثاقب کی قیادت میں گزشتہ سیریز کے مقابلے میں اچھی کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی، جہاں انہوں نے ون ڈے سیریز جیتی تھی۔ میزبان ٹیم ہوم کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور ہوم گراؤنڈ پر سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

گرین شرٹس کے کپتان سعد بیگ نے کہا کہ ’ہم نے چٹاگام میں 2 روزہ تیاری سیشن کیا جس سے ہمیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور بنگلہ دیش میں کھیلنے کے چیلنجز کا عادی ہونے کا موقع ملا۔ مزید برآں، ہم نے لاہور میں 11 روزہ کیمپ بھی لگایا، جہاں ہم نے سیریز کے لیے اپنی صلاحیتوں اور حکمت عملی پر کام کیا۔

سعد بیگ نے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں جنہوں نے سیریز سے قبل سخت محنت کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان میں سے ہر ایک اپنا بیسٹ دے گا اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم:

سعد بیگ (کپتان)، علی اسفند (نائب کپتان)، فیصل آباد، احمد حسین (پشاور)، ایمل خان (پشاور)، عامر حسین (راولپنڈی)، عرفات منہاس (ملتان)، اذان اویس (سیالکوٹ)، حمزہ نواز (لاہور)، محمد ابتسام (سرگودھا)، محمد اسماعیل (ساہیوال)، محمد طاہر (فاٹا)، محمد طیب عارف (سیالکوٹ)، عبید شاہد (لاہور)، سجاد علی (لاہور)، شاہ زیب خان (مانسہرہ)، عابد اللہ (اسلام آباد) اکرام اللہ ترین (کوئٹہ) اور محمد ذوالکفل (چارسدہ)

پاک بنگلہ کرکٹ سیریز کا شیڈول:

30 اپریل تا 3 مئی: 4 روزہ میچ ۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹاگام

6 مئی – پہلا ون ڈے میچ۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹاگام

8 مئی – دوسرا ون ڈے میچ۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹاگام

11 مئی – تیسرا ون ڈے میچ۔ شیخ کمال اسٹیڈیم، راج شاہی

13 مئی – چوتھا ون ڈے میچ۔ شیخ کمال اسٹیڈیم، راج شاہی

15 مئی – ون ڈے پانچواں میچ۔ شیخ کمال اسٹیڈیم، راج شاہی

17 مئی – واحد ٹی 20 میچ۔ شیخ کمال اسٹیڈیم، راج شاہی

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp