شہزادی ڈیانا کے زیر استعمال رہنے والا ہار کم کارڈیشین نے خرید لیا

جمعہ 20 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی معروف رئیلٹی اسٹار کم کارڈیشین نے برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کے زیر استعمال رہنے والے ہیروں کے ایک ہار کو خرید لیا ہے۔

لندن میں ہونے والی نیلامی کے دوران صلیب کی شکل کے اس ہیرے کے ہار کو کم کارڈیشین نے 2 لاکھ ڈالرز (ساڑھے 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں خریدا۔

کم کارڈیشین کو مارلن منرو کا مشہور گاؤن زیب تن کرنے کیلئے وزن کم کرنا کیوں مہنگا پڑ گیا؟

نیلامی کے آخری 5 منٹ میں کم کارڈیشین کے نمائندے نے دیگر افراد کو پیچھے چھوڑ کر ہار کے لیے سب سے زیادہ بولی لگائی۔

ہار کو نیلام کرنے والے ادارے Sotheby کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اپنے حجم، رنگ اور انداز کے حوالے سے یہ ہار منفرد ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اس ہار کو ایک اور بڑے نام کے ہاتھوں نئی زندگی مل سکے گی۔

ادارے کے مطابق اس ہار کو 1920 میں جیراڈ جیولرز نے تیار کیا تھا اور اس میں قیمتی پتھروں کو صلیب کی شکل میں لگایا گیا تھا۔

اس ہار کا حجم 5.4 انچ بائی 3.7 انچ ہے جس میں ہیروں کا وزن 5.25 قیراط ہے۔

بیان کے مطابق اسے 1980 کی دہائی میں ایک بزنس مین Naim Attallah نے خریدا تھا اور انہوں نے اسے اپنی دوست شہزادی ڈیانا کو کئی بار پہننے کے لیے دیا۔

اس ہار کو Attallah کراس کا نام دیا گیا ہے اور بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہزادی ڈیانا کو یہ ہار بہت پسند تھا۔

بیان کے مطابق یہ ہار صرف شہزادی ڈیانا نے ہی پہنا اور ان کی موت کے بعد پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔

42 سالہ کم کارڈیشین کو ماضی کی معروف شخصیات کے زیر استعمال رہنے والی اشیا میں کافی دلچسپی ہے۔

2022 میں انہوں نے میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر ہالی وڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ مارلن منرو کا گاؤن پہنا تھا جو مارلن منرو نے 1962 میں پہنا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp