مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ اگر آپ ہمارا پانی بند کرو گے تو ہم آپ کا سانس بند کریں گے، میزائل چوکوں میں سجانے کے لیے نہیں آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پوری قوم متحد ہے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے جو فیصلے کیے وہ پوری قوم کی ترجمانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں پہلگام میں انٹیلیجنس فیلیئر، بھارتی فوج اور حکومت پر شہریوں کی کڑی تنقید
انہوں نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ سیاسی فائدے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کیے، ہندوستانی قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ مودی سرکار سے جان چھڑانی ہے یا ملک کی تباہی کی تقدیر لکھنی ہے۔
حنیف عباسی نے کہاکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہندوستان اور اسرائیل ہیں، لیکن اسرائیل پھر ایک جگہ تک محدود ہے لیکن ہندوستان پڑوسی ممالک کے ساتھ دنیا بھر میں بھی دہشتگردی کررہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ بھارت پاکستان، بنگلہ دیش، میانمار سمیت کینیڈا میں ہونے والی دہشتگردی میں بھی ملوث ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کا خون مودی سرکار کے ہاتھوں پر ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے جعلی ان کاؤنٹر کے لیے 1500 سے زیادہ کشمیریوں کو اٹھا لیا ہے، جبکہ غلطی سے سرحد پار کرنے پر گرفتار پاکستانیوں کو بھی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج تعینات کی گئی ہے لیکن پھر بھی پہلگام واقعہ کیسے رونما ہوگیا، اصل میں پہلگام بہانہ ہے، سندھ طاس معاہدہ نشانہ ہے۔
حنیف عباسی نے کہاکہ ہم بھارت کے ساتھ جنگ کرنے کے لیے تیار ہیں، بھارت ایک میزائل فائر کرےگا تو ہم جواب میں 200 فائر کریں گے، بھرپور طریقے سے اپنی جغرافیائی حدود کا تحفظ کیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم ایک ذمہ دار نیوکلیئر پاور ہیں، لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ وہ ہم نے اپنی حفاظت کے لیے بنایا ہے، بھارت کو کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائےگا، ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے آپس میں کسی بھی طرح کے اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن بحیثیت قوم ہندوستان کے خلاف متحد و منظم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، وزیراعظم
واضح رہے کہ دو روز قبل ہندوستان نے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمارا پانی بند کیا گیا تو جنگ ہوگی، جس کے لیے تیار ہیں۔














