معروف پاکستانی یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر قانون کے شکجنے میں آگئے ہیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری پر ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔
یہ بھی پڑھیں مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی نے اپنی آمدنی بتانا کیوں چھوڑ دی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹروے پولیس نے بتایا کہ ڈکی بھائی کے خلاف تھانہ لکسیاں میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈکی بھائی اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلا رہے تھے، جبکہ ایک جگہ ان کی اسپیڈ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلانا اور تیز رفتاری انتہائی خطرناک ہے، جو عوام کے جان و مال کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتا ہے، اسی لیے یوٹیوبر کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 289 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں رہائی کے بعد ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ نے پہلی پوسٹ میں کیا کہا؟
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یوٹیوبر کے خلاف ایک ایف آئی آر راولپنڈی کے تھانہ چکری میں بھی درج کی گئی ہے، اس مقدمے میں بھی ان پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔