اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش

منگل 29 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اقوام متحدہ نے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ پیچیدہ مسائل کا حل تعمیری بات چیت سے ممکن ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے نائب ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ ہر اس اقدام کی حمایت کرےگا، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم اور بات چیت کو فروغ دے۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی مہم جوئی کی صورت میں اپنی سالمیت کا دفاع کریں گے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا

انہوں ںے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور انڈیا کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے 22 اپریل کو جموں و کشمیر میں دہشت گرد حملے کی ایک مرتبہ پھر سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا ہے کہ انہوں نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت کریں گے، سیکریٹری جنرل نے دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ کشیدگی کم کریں اور تحمل سے کام لیں۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر پاکستان سے سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا اور پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔

پاکستان نے بھی بھارتی اقدام کے جواب میں بھارتی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا اور بھارت پر واضح کیاکہ اگر ہمارا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو اسے جنگ تصور کیا جائےگا۔

اس صورت حال کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان شدید کشیدگی ہے اور سرحدوں پر افواج آمنے سامنے ہیں۔

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ دنیا پہلگام حملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے، ہم تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمارا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی پڑھیں بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث، فوجی ترجمان نے ثبوت پیش کردیے

آج وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو ہم اپنی سالمیت کا دفاع کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp