بلوچستان علماو مشائخ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی، عسکری، نظریاتی اور اخلاقی طاقت رکھتا ہے اور بھارت کی ایک غلطی اس کو زبردست سبق سکھا دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز بگٹی کا بھارت کو فنٹاسٹک ٹی کا طعنہ، اس بار مختلف تواضع کی دھمکی
جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذہبی اسکالر ڈاکٹر عطا الرحمان اور دیگر علما اور مشائخ نے کہا کہ بھارت علما اور عوام کی خاموشی کو ہر گز کمزوری نہ سمجھے۔
علما نے کہا کہ ہم سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کی پاسداری قانونی، شرعی اور اخلاقی بھی ہے اور پاکستان ایٹمی، عسکری، نظریاتی اور اخلاقی طاقت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے اس ناروا اقدام پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: وہ لمحات جب بھارت کو پاکستان کے خلاف سبکی کا سامنا کرنا پڑا
ان کا کہنا تھا کہ علما تمام تر اختلافات کو بھلا کر قومی بیانیے پر یک زباں ہو جائیں۔
علما نے کہا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کو ملک کے دفاع پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کوئی الٹا قدم اٹھا کر تو دیکھے اس کو نتائج کا پتا چل جائے گا۔
مزید پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ آپریشن پردہ چاک ہونے پر بھارت حواس باختہ ہوگیا
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی بھاری تعداد بھارت میں موجود ہے وہ اس جنگ میں پاکستان کی طرف ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے اترپردیش، حیدآباد دکن کے مسلمان بھی ہمارے ساتھ ہیں۔