امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جو ملک بھی ایران سے تیل خریدے گا وہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کا کاروبار نہیں کر سکے گا۔
اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ جو ملک یا فرد بھی تیل یا پیٹرو کیمیکل ایران سے خریدے گا اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔
یہ بھی پڑھیں جوہری معاہدہ: ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور مکمل
انہوں نے کہاکہ جو ملک ایران سے تیل کی خریداری کرےگا وہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کا کوئی بھی کاروبار کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔ ضروری ہے کہ ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل کی تمام خریداری بند ہو۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ کے باعث جوہری مذاکرات کے حوالے سے ہفتے کو ہونے والا چوتھا دور منسوخ کردیا گیا ہے۔
عمان کی وزارت خارجہ کے مطابق ایران اور امریکا مذاکرات کے اگلے دور کے لیے ہفتے کو ہونے والی ملاقات منسوخ کردی گئی ہے، نئی تاریخ کا اعلان دونوں ملکوں کی باہمی رضا مندی سے جلد کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ سے مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا، جس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرکے اس پر عائد کی گئی پابندیوں کو ختم کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں ایران امریکا مذاکرات: فریقین کا جوہری معاہدے کے لیے فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق
اس سے قبل ایران امریکا کے حکام کے درمیان ملاقاتوں کے تین ادوار ہوئے تھے، جس میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔