پاکستان کی سیاسی قیادت نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے میزائل حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے بزدلانہ حرکت کی، پاکستانی قوم یک جان اور متحد ہوکر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، صدر مملکت آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے سرحد پار شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت سے کیا جائےگا۔
صدر مملکت نے کہاکہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانا، بلا اشتعال بھارتی حمله بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
آصف زرداری نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے پیچھے متحد ہے، بھارت کے بزدلانہ اقدامات ایک فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی امن و سلامتی داؤ پر لگانے کے لیے تیار ہے، پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور اہل ہیں۔
پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ مکار دشمن بھارت نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، پاکستانی قوم اور افواج دشمن کو بخوبی جواب دینا جانتے ہیں۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ جنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔ ہم دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں۔
ہماری افواج بہادری کے ساتھ اس کا جواب دے رہی ہیں، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بھارت نے آج جس بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے یہ بزدلی ان کی تاریخ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری افواج بہادری کے ساتھ اس کا جواب دے رہی ہیں، پاکستانی قوم یک جان اور متحد ہوکر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بھارتی جارحیت کو نظرانداز نہیں کیا جائےگا، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستانی سرزمین اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، بھارتی جارحیت کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج، خصوصا ہماری جانباز فضائیہ، پورے عزم و حوصلے کے ساتھ جواب دے رہی ہے، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف ایک قوم بن کر کھڑے ہیں، عارف علوی
سابق صدر پاکستان عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے لوگ بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف ایک قوم بن کر کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اپنی زمین کا بھرپور دفاع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر آزدانہ تحقیقات کرنے کی پیشکش کی تھی جبکہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا اور امن کے خواہاں پاکستان پر حملہ کردیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت 2019 کے پلوامہ ردعمل کو بھول گیا ہے، جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک جرات مندانہ، اور واضح نصیحت کی تھی، جس کے بعد بھارت نے حملہ کیا تو مناسب ردعمل سامنے آیا۔
ہندوستان حسب روایت رات کی تاریکی میں حملہ کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے رات کی تاریکی میں بھارتی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے رات کی تاریکی میں حسب روایت آزاد کشمیر کے دو مقامات کوٹلی اور مظفرآباد میں حملہ کیا، کوٹلی میں ایک خاتون اور بچہ شہید ہوا ہے۔
چوہدری انوارالحق نے کہاکہ انشااللہ ہندوستانی جارحیت کا پاک افواج کے ساتھ مل کر بھر پور جواب دیں گے۔