وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے آج دن کے وقت بھی کچھ شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے، میرا خیال ہے پاکستان کو بھارت کا ادھار چکا دینا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے ہم خود بھی کوئی ابتدا کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کو فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب
خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت نے ہمارے شہریوں پر حملہ کیا، اب اگر ہم کوئی جواب دیتے ہیں تو ہمارے پاس اس کا معقول جواز ہے، لیکن ہم عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ بھارت کی سول آبادی کو ہم بھی نشانہ بنا سکتے تھے، لیکن ہم نے صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کا خطے میں موجود تمام ہمسایوں سے جھگڑا ہی رہتا ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ بھارت کا کبھی نیپال، کبھی سری لنکا تو کبھی بنگلا دیش سے جھگڑا رہتا ہے، نئی دہلی کا خطے میں موجود تمام ہمسائیوں سے جھگڑا رہتا ہے۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملک آمنے سامنے ہیں، گزشتہ رات بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں اب تک 31 شہریوں کی شہادت ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں امریکی صدر نے پاکستان بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے مدد کی پیشکش کردی
پاکستان نے بھارتی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جنگی جہاز مار گرائے جبکہ بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر کئی پوسٹیں بھی تباہ کردی ہیں۔