وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے، ابھی تو ابتدا ہوئی ہے ہم انتہا تک پہنچائیں گے، لائن آف کنٹرول عبور کرنی پڑی تو کرجائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزرا حکومت کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے شرانگیزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، آزاد کشمیر حکومت اپنے زخمی شہریوں کی دیکھ بھال کررہی ہے، ہم بھارتی جارحیت سے نپٹنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر نے عالمی مبصرین کو ریاست کے دورے کی دعوت دیدی
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بھارت کو جواب دیں گے اور لائن آف کنٹرول عبور کرنی پڑی تو بھی عبور کرجائیں گے، پاک فوج بھرپور جواب دے گی اور دنیا دیکھے گی کہ جواب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پاکستان اور ان کے سربراہان پہ مکمل اعتماد ہے، ہم ذہنی اور جسمانی طور پر جنگ کے لیے ہردم تیار ہیں، پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوکر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم اپنا جہادی کلچر واپس لائیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جملہ فنڈز ایمرجنسی کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں، بھارت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے دریاؤں کا پانی روک لیا ہے، ابھی تو ابتدا ہوئی ہے ہم انتہا تک پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی لڑائی ہے ڈارون روک کر ان کا جواب دیا جا رہا ہے، سنگین حالات سے نپٹنے کے لیے رضاکاروں کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔