پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکا نے پاکستان اور انڈیا پر معاملات تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آج پاکستانی فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیے: آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص شروع، انڈیا کی برتری کسی صورت قبول نہیں کرینگے، اسحاق ڈار
انہوں نے پاکستان اور انڈیا دونوں فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لیے راستے تلاش کرنے پر زور دیا اور تعمیری بات چیت شروع کرنے کے لیے امریکی مدد کی پیش کش کی تاکہ مستقبل میں تنازعات سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشیدگی بڑھائی تو پاکستان نہیں رکے گا، اب بال بھارت کے کورٹ میں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے راولپنڈی میں نور خان ایئربیس، مریدکے ایئر بیس اور شور کوٹ ایئربیس کو نشانہ بنایا ہے اب وہ ہمارے جواب کا انتظار کرے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نےجوابی حملوں میں بھارت کو اب تک کیا نقصان پہنچا دیا؟
اس کے بعد پاکستان نے آپریشن بنیان موصوص کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے اندر اہم فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔
پاکستان نے انڈیا کے بیاس میں واقع براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جہاں سے پاکستان پر میزائل داغے گئے تھے۔ اسی کے علاوہ ادھم پور ایئر بیس، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، سورت گڑھ ائیر فیلڈ، بھٹنڈا، سرسہ اور آدم پور ائیر فیلڈ کو نشانہ بنایا۔