انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے پر سابق بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی، سابق بھارتی بلے باز گوتم گھمبیر اورافغانستان کے نوین الحق پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل کے سیزن 16 کے رائل چیلینجز بنگلور اور لکھنؤ سُپرجائنٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد رائیل چیلینجز بنگلور کے ویرات کوہلی اور لکھنؤ سُپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گھمبیر کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی تھی۔ جس پرفوراً دوسرے کھلاڑیوں نے آکرمعاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی۔
آئی پی ایل سیزن 16 کے رائل چیلینجز بنگلور اور لکھنؤ سُپرجائنٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران افغانستان سے تعلق رکھنے والے لکھنؤ سُپر جائنٹس کے بیٹر نوین الحق اور رائل چیلینجز بنگلور کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی تاہم امپائرزاورساتھی کرکٹرز نے بیچ بچاؤ کروایا۔
Heated argument between Virat and LSG😯😡#ViratKohli #KLRahul𓃵 #LSGvsRCB #Lucknow #naveenulhaq #Naveen #Gautamgambhir pic.twitter.com/hlFUjonz18
— Tejas Tripathi (@Tejastripathi18) May 1, 2023
میچ کے بعد جب ویرات کوہلی اور گوتم گھمبیر ہاتھ ملا رہے تھے تو نوین الحق پھر بیچ میں کود پڑے۔ گوتم گھمبیر نے نوین الحق کو ویرات کوہلی سے بات کرنے سے روکا اور پھر جب ویرات کوہلی غصے میں جملے کسنے لگے تو گوتم گھمبیر بھی غصے میں آگئے اور دونوں کرکٹرز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں، کھلاڑیوں اور امپائرز کو بیچ بچاؤ کروانا پڑا۔
آئی پی ایل قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق بھارتی بیٹر گوتم گھمبیراورویرات کوہلی پر مکمل میچ فیس جب کہ لکھنؤ سُپر جائنٹس کے نوین الحق پرمیچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے بیٹر نوین الحق نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر زیر گردش اور موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
نوین الحق نے لکھا ہے کہ آپ کو وہی ملتا ہے جس کے آپ مستحق ہیں اور ایسا ہی ہونا چاہیے اور ایسا ہی ہوتا ہے۔