کیا کرسٹیانو رونالڈو النصر چھوڑ کر ریال میڈریڈ واپس جا رہے ہیں؟

منگل 2 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مایہ ناز فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب النصر چھوڑ کر ریال میڈرڈ میں واپسی پر غور کر رہے ہیں۔ مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو سعودی کلب النصر کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے پرانے کلب ریال میڈرڈ سے رابطہ کرتے ہوئے سعودی کلب النصر کو چھوڑنے کا اشارہ بھی دیا ہے۔ انکے دوبارہ رابطہ کرنے پر ریال میڈرڈ کے صدر فلورنٹینو پیریز نے انہیں فٹبال کلب میں بطور ایمبیسیڈر شامل ہونے کی پیشکش بھی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب النصر کو خیرآباد کہنے پرغورکررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بطورعالمی کھلاڑی اپنی فٹ بال کیریئر سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ تاہم اگر کرسٹیانو رونالڈو ریال میڈرڈ کے صدر کی پیشکش قبول کر لیتے ہیں تو بطور پلیئر ریٹائرمنٹ والی بات سچ ثابت ہو جائے گی۔

عرب میڈیا نے ابھی تک کرسٹیانو رونالڈو کی یورپ واپسی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی لیکن اس بات کا اشارہ ضرور دیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو عرب تہذیب میں خود کو ڈھالنے اور زبان کو سمجھنے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

ہسپانوی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو رواں سال فروری میں 38 سال کے ہو چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ 800 سے زائد گول اسکور کرنے والے رونالڈواب تک فٹبال کے سب سے نمایاں کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو کے فٹ بال کیریئر پر ایک نظر

کرسٹیانو رونالڈو 5 فروری 1985 میں پرتگال کے شہر فنچال میں پیدا ہوئے۔ رونالڈو نے فٹ بال میں اپنے پرفیشنل کیریئر کا آغاز 29  ستمبر 2002 میں کیا۔

کرسٹیانو رونالڈو کی ابتدائی زندگی کا آغاز ایک غریب گھرانے سے ہوا، انکے والد جوز ڈینیس ایویرو، والدہ ماریہ ڈولوریس ایویرو سمیت ایک بھائی اور دو بہنیں ہیں۔

سات سال کی عمر میں ہی رونالڈو کو فٹ بال کا جنون تھا۔ ان کے والد ایک مقامی فٹ بال کلب کے لیے کٹ مین کا کام کرتے تھے۔ رونالڈو جب 8 برس کے ہوئے انکے فٹ بال کے جنون کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے قومی ٹیم کے سابق فٹ بال پلیئر نے انکو اپنی فٹ بال اکیڈمی میں شامل کر لیا۔

15 سال کی عمر میں زیادہ بھاگنے کی وجہ سے دل کی بیماری کا سامنا کرنا پڑا تاہم سرجری کے بعد بالکل تندرست ہو گئے اور 16 سال کی عمر میں جونیئر سے سینئر پلیئر کے طور پر ٹیم میں شامل ہو گئے۔

اپنے کلب کیریئر میں شاندار کامیابی کے بعد انہوں نے ایک دوستانہ میچ کے دوران اگست 2003 میں اپنے مقامی کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے  مانچسٹر یونائیٹڈ کو 3 شاندار گول کر کے شکست دی۔ اس وقت کے مانچسٹر یونائٹڈ کے مینیجر ایلکس فرگوسن اور انکی ٹیم کرسٹیانو رونالڈو کی کارکردگی سے بے حد متاثر ہوئے۔

2003 میں ایک کروڑ 22 لاکھ یورو سالانہ فیس پر کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا اور 2008 تک اپنے 5 سالہ کیریئر میں 292 میچز کے دوران 118 گول کیے اور مختلف ٹائٹل جتوانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

2009 میں کرسٹیانو نے 8 کروڑ یورو سالانہ فیس کی مد میں ریال میڈرڈ میں شمولیت اختیار کی۔ 2018 تک ریال میڈرڈ کے لیے 9 سیزن کھیلنے کے بعد رونالڈو نے 438 میچز میں 451 گول اسکور کیے۔

2018 سے 2020 تک کرسٹیانو رونالڈو یووینٹس کلب کا حصہ رہے۔ جہاں انہوں نے 3 سالوں میں 101 گول اسکور کیے۔ اسکے بعد 2021 میں اچانک مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی کی لیکن صرف ایک سال کے بعد ہی 2022 میں سعودی کلب انصر کے ساتھ 20 کروڑ یورو کا مہنگا ترین معاہدہ کرلیا۔

انٹرنیشنل کیریئر

کرسٹیانو رونالڈو نے 2003 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔ پرتگال کے لیے 196 میچز میں 118 گول اسکور کیے۔ رونالڈو اپنی ٹیم کو کوئی ٹائٹل جتوا تو نہ سکے لیکن مختلف ٹائٹلز کے فائنل اور سیمی فائنل تک رسائی دلوانے میں اپنا کردار ضرور ادا کرتے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp