وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے حج اسکیم کے تحت جانے کے خواہشمند تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نجی منظمین (Munazzameen) کے ذریعے حج پیکجز کی بکنگ کرتے وقت مکمل احتیاط سے کام لیں۔
یہ بھی پڑھیں:عازمین حج کی آمد سے قبل تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں، ڈی جی حج
مملکت سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مقرر کردہ وقت کے اندر بعض نجی منظمین کی جانب سے مشاعر (طوافہ و قدانہ) واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث، پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت مختص کوٹے میں ترمیم کی گئی ہے۔
اب اس اسکیم کے تحت کل کوٹہ تقریباً 25,698 عازمین تک محدود کر دیا گیا ہے، اور حج 2025 کے لیے کسی بھی قسم کے اضافی کوٹے کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق عازمین حج کے لیے ایک محفوظ اور باقاعدہ حج کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل نکات پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے:
کسی بھی ادائیگی سے قبل نجی منظم کی حیثیت اور حج کوٹے کی تازہ ترین منظوری کی تصدیق کریں۔
منظور شدہ منظمین کی فہرست اور اپنے کوائف کی تصدیق کے لیے وزارت کی درج ذیل ویب سائٹ وزٹ کریں:
http://pvt-inquiry.hajjinfo.org
سوشل میڈیا یا دیگر غیر رسمی ذرائع پر دی جانے والی غیر مصدقہ معلومات یا اشتہارات پر ہرگز انحصار نہ کریں۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے تمام منظمین (Hajj Cluster Companies) کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سرکاری طور پر تصدیق شدہ کوٹے سے زائد کسی بھی عازمِ حج کی بکنگ نہ کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں وزارت کی جانب سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پروازوں کی معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ وزارت ایک شفاف، ذمہ دار اور مربوط حج آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے تاکہ تمام انتظامات حج پالیسی اور سعودی عرب کے قواعد و ضوابط کے مطابق انجام پا سکیں۔