عالمی شہرت کے حامل ستاروں کا جھرمٹ اس مرتبہ ایک بار پھر نیویارک امڈ آیا جہاں آنجہانی فیشن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ سے منسوب سالانہ میٹ گالا میں 400 مہمانوں نے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کے ملبوسات کے لیے وقف انسٹیٹیوٹ کے لیے فنڈز اکھٹا کیے۔
نیویارک میں جاری فیشن کی دنیا کے سب سے بڑے میلے میٹ گالا 2023 کو ’کارل لیگر فیلڈ: خوبصورتی کی ایک لکیر‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔
فیشن کی دنیا کا آسکرز سمجھی جانے والی میٹ بال یا میٹ گالا کی اس تقریب کی شام ڈیزائنرز،ماڈلز اور ہالی وڈ کے ستارے میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ کے کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ میں نئی نمائش کا جشن مناتے ہیں اور فنڈز بھی اکھٹے کرتے ہیں۔
فیشن کی دنیا کا یہ سب سے بڑے میلہ میٹ گالا اپنے مہمانوں کی فہرست اورشرکا کے لباس کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ جہاں اس مرتبہ شرکا نے آنجہانی فیشن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ کے اعزاز میں لباس زیب تن کیے۔
فروری 2019 میں 85 برس کی عمر میں انتقال کرجانے والے جرمن فیشن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ کئی دہائیوں تک شینیل اور فینڈی سمیت دنیا کے سب سے بڑے فیشن ہاؤسز کے سربراہ بھی رہے ہیں۔
85سالہ مرحوم ڈیزائنرہمیشہ اپنے سفید بالوں کی پونی بنا کرسیاہ چشمہ پہنتے تھے۔ان کی اکثرتصاویر میں ان کی پالتو بلی شوپیت بھی ان کے ساتھ دکھائی دیتی تھی۔
کارل لیگر فیلڈ کی ہر دلعزیز بلی ’شوپیت‘ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میٹ گالا میں دو مشہور شخصیات بلی جیسے میک اپ اور لباس میں نظر آئیں۔
ریٹائر ٹینس اسٹار راجر فیڈرر، گریمی ایوارڈ جیتنے والی البانیہ کی گلوکارہ دعا لیپا، ہسپانوی اداکارہ اور مصنفہ پینی لوپے کروز اوربرطانوی اور گھانا کی اداکارہ اور پروڈیوسرمکائیلا کوئل کو ووگ میگزین کی ایڈیٹر انچیف اینا وینٹو کے ساتھ اس سال شریک چیئرز کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا، امریکی اداکارہ ایلے فیننگ، امریکی ماڈل بروکلین، امریکی اداکارہ پیلٹز بیکہم، برطانوی گلوکارہ ریٹا اوران کے شوہر ٹائکا وائی ٹیٹی نے بھی شرکت کی، جہاں انفرادی ٹکٹ کی قیمت 50 ہزارڈالرز تھی۔
مشہور فیشن ڈیزائنرکارل لیگر فیلڈ کی پالتو بلی شوپیت نے میٹ گالامیں اس سال شرکت نہیں کی حالانکہ امریکی ریپر اور گلوکارہ ڈوجا کیٹ اور امریکی اداکار جیرڈ لیٹو نےبلیوں کی طرح کا لباس زیب تن کیا تھا۔
فیشن ڈیزائنرکارل لیگر فیلڈ کی پالتو بلی شوپیت کے انسٹا گرام سے میٹ گالا کے حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں لکھا تھا کہ بہت سے لوگوں نے ڈیڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مجھے میٹ گالا 2023کے ریڈ کارپٹ پر چلنے کی دعوت دی لیکن ہم نے آرام دہ رہتے ہوئے گھر پر رہنے کو ترجیح دی۔
پوسٹ میں یہ بھی لکھا تھا ہم ڈیڈی کی جدائی کے بعد ہر روز انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے ایک اور دن وقف کیے جانے پر خوش ہیں۔
View this post on Instagram