بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ 36 سالہ کوہلی نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب بھارت کا انگلینڈ کا دورہ محض ایک ماہ دور ہے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان سے کرکٹ حلقوں میں حیرت کی لہر دوڑ گئی۔
کوہلی نے 111 ٹیسٹ میچز میں 9230 رنز بنائے، جس میں ان کی اوسط 46.8 رہی۔ وہ بھارت کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر (15921)، راہول ڈریوڈ (13265) اور سنیل گواسکر (10122) ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے جذباتی پیغام میں کوہلی نے لکھا کہ یہ 14 سال پہلے کی بات ہے جب میں نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے لیے سفید لباس پہنا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے کس سفر پر لے جائے گا۔ اس نے مجھے آزمایا، نکھارا اور ایسی زندگی کی سچائیاں سکھائیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔
مزید پڑھیں: روہت شرما ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائر، اگلا کپتان کون ہوگا؟
انہوں نے لکھا کہ میں اس فارمیٹ سے رخصت ہو رہا ہوں، یہ آسان نہیں، لیکن درست محسوس ہو رہا ہے۔ میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنی تمام تر توانائیاں دیں اور بدلے میں اس کھیل نے مجھے بہت کچھ لوٹایا۔
یاد رہے کہ چند دن قبل ہی روہت شرما نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، جس کے بعد کوہلی کے فیصلے نے بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ لائن اپ پر اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ویرات کوہلی نے نہ صرف بطور بیٹر بلکہ ایک جارح مزاج کپتان کے طور پر بھی بھارتی ٹیسٹ کرکٹ کو نئی شناخت دی۔ ان کی قیادت میں بھارت نے آسٹریلیا میں تاریخی ٹیسٹ سیریز جیتی اور طویل عرصے تک ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست رہا۔