گزشتہ روز گوادر کے علاقے بلال مسجد کے قریب ایک گھر پر دستی بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 3 افراد زخمی ہوگئے۔
جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے حملہ آوروں کی پولیس کے ساتھ مڈھ بھیڑ ہوگئی جس میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔
مقابلے میں پولیس اہلکار محمد خماری شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: گوادر میں فائرنگ: پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 حجام قتل
گوادر پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کی شناخت شاہجہان ولد دل مراد جبکہ زخمی حملہ آور کی شناخت شہزاد ولد وحید کے نام سے ہوئی ہے۔
شہید پولیس اہلکار محمد خماری کی بہادری پر سٹی پولیس پوسٹ کو شہید کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ان کے خاندان کو ایک کروڑ روپے امداد بھی دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ شہید کی فیملی کے ایک فرد کو محکمہ پولیس میں ملازمت بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گوادر میں سیکیورٹی کمپلیکس پر حملہ آور بی ایل اے کے تمام 8 دہشتگرد ہلاک
ڈی آئی جی مکران ڈاکٹر پرویز خان عمرانی کا کہنا ہے کہ ایسی بہادری کی مثال نہیں ملتی، گوادر کو فخر ہونا چاہیے کہ گوادر کا بیٹا اپنے شہر کے امن کی خاطر قربان ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید محمد خماری نے پولیس کا نام اور مورال بلند کر دیا ہے، پولیس فورس شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔