بالی ووڈ اسٹار سلمان خان امن کے حق میں ایک ٹویٹ پوسٹ کرنے پر جنگجو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کے عتاب میں اس طرح گھر گئے کہ وہ اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے پر مجبور ہوگئے۔
سلمان خان کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی کی حمایت میں لکھی گئی ٹویٹ نے بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کو سیخ پا کردیا۔ انہوں نے محض یہ لکھا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ (پاکستان اور بھارت کے درمیان) جنگ بندی ہوگئی۔ اس پر انھیں سوشل میڈیا کے بھارتی صارفین کی طرف سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جن کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے جنگ بندی کی حمایت کرکے بھارتی فوجیوں کی قربانیوں کو نظرانداز کردیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ اسٹار سے متعلق برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا بائیکاٹ کرنے کی آوازیں بلند کرنا شروع کردیں۔ یہ شورشرابا اس قدر زیادہ ہوا کہ سلمان خان سر پکڑ کر بیٹھ گئے، نتیجتاً انہوں نے اپنی پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی۔واضح رہے کہ سلمان خان نے یہ ٹویٹ عین اس وقت پوسٹ کی تھی جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین اس بات پر ناراض تھے کہ سلمان خان نے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بھارتی فوجیوں کی بہادری کا اعتراف نہیں کیا لیکن دونوں ممالک کے درمیان امن کی خبر کو پکڑ لیا۔