بھارت: جاسوسی کے الزام میں 2 افراد گرفتار، پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

منگل 13 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کے لیے جاسوسی کے الزام میں بھارتی پنجاب سے 2 افراد گرفتار کرلیے، اور پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول اور ایئر چیف کے مابین ناخوشگوار جملوں کا تبادلہ

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر کو ڈی مارش کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں افراد پر پاکستانی سفارتخانے کے ایک اہلکار کے لیے جاسوسی کا الزام ہے، ایک شخص پر الزام ہے کہ وہ بھارتی فوج کی نقل و حرکت کی معلومات فراہم کرتا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جاسوسی کے الزام میں گرفتار 2 افراد میں ایک خاتون شامل ہے۔ اور جاسوسی کی وجہ سے ہی پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے حالیہ معرکے کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں سیز فائر تو ہوگیا ہے، لیکن گزشتہ روز اپنی تقریر میں نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔

یہ بھی پڑھیں جنگ میں بھارتی سکھ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہونگے، ٹینکوں کا رخ موڑ دیں گے، گرپتونت سنگھ پنوں

دوسری جانب پاکستان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ اگر ہمارے پانی کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو ہم اسے جنگ تصور کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp