چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر ان کی متاثرہ ٹانگ دھکم پیل کی زد میں آ گئی جس کے باعث انہیں سوجن اور تکلیف کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے عمران خان کو دھکم پیل والی جگہوں پر جانے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا مگر عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کو دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی جس ٹانگ میں گولی لگی ہے وہ متاثر ہوئی جس کے باعث شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹروں سے دوبارہ چیک اپ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کی ٹیم دوبارہ سے متاثرہ ٹانگ کا جائزہ لے کر عمران خان کو طبی امداد فراہم کرے گی۔
عمران خان کا پاؤں سوج گیا ہے جس کے باعث وہ چیک اپ کے لیے اسپتال روانہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 نومبر 2022 کو لاہور سے راولپنڈی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا اور ان کی ٹانگ میں گولیاں لگی تھیں جس کے بعد انہوں نے شوکت خانم اسپتال سے اپنا علاج کرایا۔