قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پاک فوج اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل او سی کے سیکٹر لیپہ ویلی پہنچ گئے۔
شاہد آفریدی نے یاد گار شہدا پر حاضری دی اور علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری سے متاثرہ علاقوں سمیت تباہ شدہ رہائشی مکانات کا معائنہ کیا اور نمائشی میچ میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی لیپا ویلی (لائن آف کنٹرول) پہنچ گئے۔ pic.twitter.com/eoYjro46DF
— WE News (@WENewsPk) May 18, 2025
یہ بھی پڑھیں شاہد آفریدی کا پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی، کراچی میں ’پاکستان زندہ‘ باد ریلی
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ پیار، محبت اور امن والے ہیں، جو بھارتی جارحیت میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرنے لیپہ سیکٹر آیا ہوں، بھارتی جارحیت کے دوران میڈیا کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔
شاہد آفریدی نے کہاکہ افواج پاکستان ہمیشہ امن کی خواہاں رہی ہیں، تاہم دفاع وطن میں اقدام اٹھانا مجبوری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر کا ٹیلنٹ قابل فخر ہے، لیکن بدقسمتی سے ضائع ہو رہا ہے جس کے لیے ہمیں توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر حکومت یہاں کرکٹ اکیڈمی قائم کرے تاکہ ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم سے شاہد آفریدی کی ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد
شاہد آفریدی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم رکوائے۔