خضدار بس حملہ: دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکی ناظم الامور

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو تشدد کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار میں اسکول وین پر خودکش دھماکا، 4 بچے جاں بحق، 38 زخمی

اپنے بیان میں نیٹلی بیکر نے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے اور ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

امریکی ناظم الامور نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا ‌‌شکار نہیں ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ بدھ کو خضدار میں ایک اسکول بس پر دہشتگرد حملے میں بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

یونیسیف کی مذمت

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے بھی خضدار اسکول بس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں یونیسیف کی چیف آف ایڈوکیسی اینڈ کمیونیکیشنز کیرن ریڈی کا کہنا ہے کہ یونیسف خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے ہولناک حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

مزید پڑھیے: خضدار اسکول بس حملہ: شہید ہونے والی 3 بچیوں کی تفصیلات جاری

یونیسیف ترجمان نے کہا کہ ہمارا ادارہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کے لیے اسکول جانا کبھی بھی خطرناک عمل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں بہت سے بچوں کے لیے یہی تلخ حقیقت بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان معصوم بچوں کی زندگیاں، خواب اور مستقبل تباہ ہو گئے اور ان کے خاندان برباد ہو گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بچے بچ گئے وہ جسمانی و جذباتی زخموں کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے۔

مزید پڑھیں: حملے کی اطلاعات تھیں مگر بچوں کو نشانہ بنانے کی توقع نہیں تھی، وزیراعلیٰ بلوچستان

کیرن ریڈی نے کہا کہ یہ المناک تشدد اور بے معنی تکلیف ختم ہونی چاہیے، بس بہت ہو چکا بچے کسی بھی صورت میں تشدد کا نشانہ نہیں بننے چاہییں اور نہ ہی بنائے جا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp