جا بجا لٹکتی بجلی کی تاروں سے چھٹکارا، مریم نواز نے پنجاب کے عوام کو خوشخبری سنادی

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جا بجا لٹکتی بجلی کی تاروں سے تنگ پنجاب کے عوام خوشخبری سنا دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم امور زیر بحث آئے۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب کے 59 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ضلع کے بازاروں میں لٹکتی ہوئی بے ہنگم بجلی کے تاریں انڈر گراؤنڈ کردی جائیں گی۔

ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ بیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ضلع اور تحصیل میں ریڑھی بازار قائم کیے جائیں گے، اور مختلف شہروں میں کینالز کو سجایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ بیوٹی فیکیشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں فوڈ اسٹریٹ بھی بنائی جائیں گی، جبکہ بازاروں کی ری ماڈلنگ اور انفراسٹرکچر میں بہتری بھی بیوٹی فیکیشن پلان کا حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں پنجاب ڈیولپمنٹ پلان لانے کا اعلان کردیا، جبکہ 60 شہروں میں منصوبہ اسی سال مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مریم نواز شریف نے پنجاب کے 800 گاؤں کو بتدریج ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا، جبکہ ارکان اسمبلی کی مشاورت سے دیہات میں 400 کلو میٹر چھوٹی رابط سڑکوں کی تعمیر و توسیع بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے لیے 250 ارب روپے کے فنڈز دیے جائیں گے، جبکہ 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کیا جائےگا، جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کی جائےگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ بھی جلد شروع کیا جائےگا، جبکہ پنجاب بھر میں نادار اور ضرورت مندوں کے لیے راشن کارڈ شروع کیے جائیں گے۔

مریم نواز نے ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہرڈویژن میں سینٹر آف ایکسی لنس کڈز کیمپس بھی بنائیں گے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو وعدہ کروں گی اسے پورا کروں گی، تجاوزات کے خاتمے سے صوبہ بھر میں بازار کھلے اور عوام خوش ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، ہم نے سی ٹی ڈی کو مضبوط بنایا، صوبے بھر میں کومبنگ آپریشن ہورہے ہیں۔ چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فری سولر منصوبے کا افتتاح، کن لوگوں کو مفت سولر ملیں گے؟

اجلاس میں ارکان اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp