پارلیمنٹ میں سپریم کورٹ کی غیر اخلاقی مداخلت روکی جائے: خواجہ آصف

بدھ 3 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں سپریم کورٹ کی غیر اخلاقی مداخلت روکی جائے۔ آج ہم ایسے موڑ پر کھڑے ہیں کہ تاریخ بن رہی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنسٹس منیر سے لے کر اب تک آئین میں مداخلت کا معاملہ حل کرنے کے لیے ہاؤس کی کمیٹی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ ہماری حدود میں نہ آئے۔ ہمیں بھی ان کی حدود میں نہیں جانا چاہیے۔ آج 2 آئینی ادارے آمنے سامنے آ چکے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری عدلیہ کا حال یہ ہے کہ 4 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔ یہ مقدمے تو نمٹا لیں اس کے بعد ہمارے ساتھ بھی دست و گریبان ہو لیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لوگ پھانسی لگ جاتے ہیں اور بعد میں فیصلہ آتا ہے کہ ملزم کو بری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ جسٹس منیر سے لے کر آج تک آئین کی کیا کیا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جب بھی آئین کی خلاف ورزی ہوئی ججز نے انگوٹھے لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا بنیادی کام انصاف فراہم کرنا ہے۔ ہم عدالت نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی حدود میں مداخلت کے خلاف ہیں۔ آئین ہمیں جو اختیارات دیتا ہے انہیں استعمال کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp