آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’معرکہ حق‘ اور آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے دوران افواج پاکستان کے عزم و حوصلے، پاکستانی عوام کے جذبہ حب الوطنی اور سیاسی قیادت کی پختہ وابستگی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عشائیے میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا، وزیراعظم
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ وفاقی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ بھی عشائیے میں شریک تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطاق عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا،چیف آف ایئر اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف سمیت دیگر سول و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے قومی قیادت کو معرکہ حق کے دوران دانشمندانہ قیادت پر خراج تحسین پیش کیا، افواج پاکستان کی جرات و قربانی کو سراہا، اور پاکستانی عوام کی استقامت و حب الوطنی کی تعریف کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں معرکہ حق کے دوران قومی قیادت کی حکمت عملی پر اظہار کیا اور آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں افواج پاکستان کے مابین شاندار ہم آہنگی کو سراہا، جس سے آپریشن کی کامیابی یقینی بنایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے میں پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے کردار کو ’فولادی دیوار‘ قرار دیا اور ان کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینیئرز، اور سفارتکاروں کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آزاد کشمیر میں اظہار تشکر ریلیوں کا انعقاد
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تقریب قومی وحدت اور اجتماعی عزم کی مضبوط علامت ثابت ہوئی، جس میں قوم نے نئے حوصلے اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کے عہد کا اعادہ کیا۔