چین کا نیا خلائی مشن روانہ، سیارچے کے نمونے لانے کا عزم

جمعرات 29 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے جمعرات کو زمین کے ایک قریبی سیارچے کی سطح سے نمونے حاصل کرنے کے لیے اپنا پہلا خلائی مشن روانہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا خلائی مشن چاند سے کیا لیکر آیا ہے؟

خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق اس مشن کی کامیاب تکمیل کی صورت میں چین خلا میں گردش کرتے سیارچوں کی سطح پر موجود چٹانوں کے نمونے تحقیق کے لیے زمین پر لانے والا تیسرا ملک بن جائے گا۔

اس مشن کے لیے لانگ مارچ-3 بی نامی راکٹ کے ذریعے تیان وین-2 پروب کو خلا میں بھیجا گیا ہے۔ یہ راکٹ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں قائم شی چانگ نامی لانچنگ سائٹ سے مقامی وقت کے مطابق رات 1:31 پر اپنے مشن پر روانہ ہوا۔

شنہوا نے چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) کے حوالے سے لکھا ہے کہ تیان وین-2 خلائی جہاز کو سیارچے 2016HO3 کے ٹرانسفر مدار میں داخل ہونے میں 18 منٹ لگے۔

خلائی جہاز نے اپنے سولر پینلز کو آسانی سے کھولا اور سی این ایس اے نے اس لانچ کو کامیاب قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیے: بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کچرا لانے والا جہاز پرواز کے لیے تیار

تیان وین-2 جولائی 2026ء میں اس سیارچے پر پہنچے گا اور وہاں سے حاصل کردہ چٹانی پتھروں سے بھرے کیپسول کو لے کر نومبر 2027 میں واپس زمین پر اتارے گا۔

یہ سیارچہ سنہ 2016 میں سائنس دانوں نے ہوائی میں دریافت کیا تھا۔ اس کا قطر تقریباﹰ 40 سے 100 میٹر (130-330 فٹ) ہے اور یہ زمین کے نسبتاﹰ قریب خلا میں گردش کر رہا ہے۔

چین نے اپنے تیزی سے بڑھتے ہوئے خلائی پروگرام کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں چین نے اپنے خلائی پروگرام پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں تاکہ صدر شی جن پنگ کے بقول اس ملک کے خلائی خواب کی تکمیل ہو سکے۔

چین کا اپنا خلائی اسٹیشن زمین کے گرد مدار میں پہلے ہی موجود ہے اور حالیہ برسوں میں اس نے چاند کے اس حصے پر اپنے روبوٹ بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ہے جو زمین سے نظر نہیں آتا۔

مزید پڑھیں: چین کا چینگ ای 6 خلائی مشن کامیابی کے ساتھ چاند کےجنوبی قطب پر اتر گیا

اب چین سنہ 2030 تک انسانوں کو چاند کی سطح پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp