وہیل مچھلیوں کی ہلاکت میں اچانک اضافہ، ماہرین تشویش میں مبتلا

اتوار 1 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سان فرانسسکو بے ایریا میں حالیہ ہفتے کے دوران 6 گرے وہیل مچھلیوں کی ہلاکت نے ماہرین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جس سے 2025 میں اب تک ہلاک ہونے والی وہیلز کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ ان میں 14 گرے وہیلز اور ایک منکے وہیل شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:56 فٹ لمبی وہیل مچھلی کا ڈھانچہ کراچی میں سڑک کنارے موجود

کیلیفورنیا اکیڈمی آف سائنسز اور میرین میمل سینٹر کے مطابق 21 سے 28 مئی کے درمیان ہلاک ہونے والی وہیلز کی پوسٹ مارٹم تحقیقات میں مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ کچھ لاشیں ناقابل رسائی مقامات پر ہیں یا گل سڑ چکی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں 3 گرے وہیلز کی ہلاکت کی ممکنہ وجہ بحری جہازوں سے ٹکراؤ بتائی گئی ہے۔

2025 میں سان فرانسسکو بے میں گرے وہیلز کی غیر معمولی تعداد میں موجودگی دیکھی گئی ہے، جہاں اب تک 33 وہیلز کی تصدیق ہو چکی ہے، جو 2024 میں صرف چھ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:کیا ونڈ ٹربائنز کی وجہ سے وہیلز مررہی ہیں؟

تقریباً ایک تہائی وہیلز نے بے میں کم از کم 20 دن گزارے ہیں، جن کی جسمانی حالت نارمل سے لے کر کمزور تک رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرے وہیلز کی آبادی میں 2019 سے 2023 کے درمیان تقریباً 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، اور اس سال جنوبی کیلیفورنیا میں وہیل کے بچوں کی تعداد میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

یہ عوامل ماحولیاتی تبدیلیوں اور خوراک کی کمی کی جانب اشارہ کرتے ہیں، جو وہیلز کو غیر معمولی علاقوں میں لے جا رہے ہیں اور ان کی ہلاکتوں کا سبب بن رہے ہیں۔

ماہرین نے کشتیوں اور بحری جہازوں کے عملے کو وہیلز کی موجودگی کے بارے میں خبردار رہنے اور رفتار کم رکھنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ مزید ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ، فیری روٹس میں تبدیلی اور وہیل کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp