پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں انصاف اور قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں، عمران خان 2 سال سے جیل میں ناحق قید ہیں، اور انہیں وہ سہولیات بھی میسر نہیں جو عام قیدی کو ہوتی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم اور شبلی فراز نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہم سوالات اٹھا دیے۔
یہ بھی پڑھیں احتجاجی تحریک سے قبل عمران خان کو پی ٹی آئی میں نیا عہدہ مل گیا
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ ہمارے جن لوگوں کو ڈیجیٹل دہشتگرد کہا جاتا تھا وہ بھارت کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر تھے، افواج پاکستان نے بھارت کے خلاف جو فتح حاصل کی اس پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اللہ کے بھروسے، ایئرفورس اور آرٹلری فورس کی وجہ سے کامیابی حاصل کی، بھارت کو 7 مئی کو ہی جواب ملنا چاہیے تھا، لیکن وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے معاملہ 10 مئی تک گیا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے چترال سے ایم این اے عبداللطیف کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس سے قبل پارلیمنٹ میں گھس کر ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا گیا لیکن اسپیکر ایاز صادق خاموش رہے۔ آج عبداللطیف کو سزا ملنے پر بھی وہ خاموش ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا اسپیکر قومی اسمبلی سے استعفے کا مطالبہ
اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو کر پارلمینٹرینز کو گرفتار کرنے پر قانون خاموش کیوں ہے۔ اگر اسپیکر کچھ نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے سوشل میڈیا کے لوگوں پر ظلم کیا جا رہا ہے، اور مقدمے قائم کیے جارہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ شاہ محمود قریشی وہیل چیئر پر عدالت پہنچتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ہم نے تو بلایا ہی نہیں۔
عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولیات میسر نہیں، شبلی فراز
پریس کانفرنس میں سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں فیملی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حکومت اپنی مرضی سے جج تعینات کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ سب اپنے مخالفین کو انصاف سے محروم رکھنے کے لیے کیا جارہا ہے۔ القادر ٹرسٹ بھونڈا کیس ہے جس میں عمران خان کو سزا سنائی گئی۔
انہوں نے کہاکہ اس کیس سے یہ ظاہر کیا جا رہا ہے جیسے 190 ملین پاؤنڈ عمران خان اور ان کے خاندان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئے، جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں۔
’چیف الیکشن کمشنر فریق بنے ہوئے ہیں‘
انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہونے باوجود سیٹ پر براجمان ہیں اور فریق بنے ہوئے ہیں، خبیر پختونخوا میں سینیٹ کے الیکشن نہیں ہوئے پورے ملک میں ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی رہائی کب تک ممکن ہے؟ ٹرمپ کے سابق مشیر نے بڑا دعویٰ کردیا
انہوں نے کہاکہ حکومت بجٹ پیش کرنے جارہی ہے لیکن اس میں عوام کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔ ہماری پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی پاسداری ہو۔