مناسک حج کا آغاز ہوگیا، حجاج کرام آج منیٰ میں رات گزاریں گے

بدھ 4 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں حج 2025 کے مناسک کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت لاکھوں عازمین، جن میں پاکستانی بھی  شامل ہیں، منیٰ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔  یہ سارا علاقہ اس وقت  تلبیہ، تسبیح اور تکبیر سے گونج رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اس سال حج کے لیے کتنے لاکھ لوگ سعودی عرب پہنچے؟

منیٰ میں قیام سفر حج کے اہم مراحل میں سے ایک ہے، جہاں عازمین 9 ذوالحجہ کی فجر تک قیام کریں گے۔

پاکستانی عازمین کی تعداد اور انتظامات

پاکستان سے تقریباً 89,000 عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت سعودی عرب پہنچے ہیں، جبکہ 23,620 سے زائد افراد نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج ادا کر رہے ہیں۔

پاکستانی حج مشن نے منیٰ میں دنیا کے سب سے بڑے خیمہ شہر تک عازمین کی منتقلی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق 932 بسوں کے ذریعے 88,000 سے زائد عازمین کو منیٰ پہنچایا جائے گا۔

حج کے اہم مراحل

منیٰ میں قیام: عازمین 8 ذوالحجہ کو منیٰ پہنچیں گے اور 9 ذوالحجہ کی فجر تک وہیں قیام کریں گے۔

عرفات روانگی: فجر کے بعد عازمین میدان عرفات کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں وہ حج کا سب سے اہم رکن ’وقوف عرفہ‘ ادا کریں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔

اہم ہدایات

پاکستانی حج مشن نے عازمین کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ روانگی کے اوقات کی پابندی کریں تاکہ شدید گرمی کے دوران ہجوم سے بچا جا سکے۔

سعودی حکام کی جانب سے ’رمی جمرات‘ (شیطان کو کنکریاں مارنے) اور قربانی کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فلسطین کے عازمین حج کا مکمل معاونت کرنے پر سعودی عرب سے اظہار تشکر

رمی جمرات کا شیڈول: ہر ’مکتب‘ کے لیے 10 ذوالحجہ کو رمی جمرات کے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ تمام عازمین کو اپنے ’ناظم‘ کی نگرانی میں گروپ کی صورت میں رمی ادا کرنی چاہیے۔

قربانی کا وقت: پاکستانی عازمین کے لیے قربانی کا وقت 10 اور 11 ذوالحجہ کی درمیانی شب 12:30 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ لہٰذا عازمین کو پہلی دن کی رمی نصف شب سے پہلے مکمل کرنی چاہیے۔

حج کے یہ مناسک 9 جون 2025 کو مکمل ہوں گے۔

تمام عازمین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ حج مشن اور سعودی حکام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے حج کو محفوظ اور بابرکت بنائیں۔

عازمین حج کی خدمت: مسجد نمرہ کو ہزاروں مربع میٹر قالین سے سجا دیا گیا

سعودی حکام نے حج کے دوران عازمین کے لیے ایک ضروری مقدس مقام کوہ عرفات کے قریب واقع نمرہ مسجد کو ہزاروں مربع میٹر قالین سے سجا دیا۔

وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے بدھ کے روز اعلان کیاکہ نمرہ مسجد کو مکمل طور پر تیار اور اپ گریڈ کر دیا گیا ہے تاکہ عازمین حج کو سہولت میسر آ سکے۔

مسجد نمرہ میں عازمین حج کے آرام کرنے کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر قالین سجا دی گئی ہے، جبکہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

وزارت نے مزید کہاکہ فرش پر عکاس پینٹ کیا گیا ہے، اور ارد گرد کے صحنوں میں 117 فوگ پنکھے لگائے گئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کو کم کیا جا سکے۔

اب مسجد نمرہ لاکھوں عازمین حج کے استقبال کے لیے تیار ہے، اس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ اور منیٰ کے مقدس مقامات کی طرف روانہ ہوں گے۔

وزارت نے حج کے دوران درجہ حرارت کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجد کے وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشنگ اور پیوریفیکیشن سسٹم کو اپ گریڈ کیا ہے۔

حجاج کے لیے صحت مند ماحول پیدا کرنے کے لیے وزارت نے 70 واٹر چلرز لگائے ہیں، جس سے حجاج کرام کو سہولت میسر آئےگی۔

نمرہ مسجد دنیا کی سب سے بڑی مسجد ہے جس میں بیک وقت قریباً 4 لاکھ نمازیوں کی گنجائش موجود ہے، اور اس کے 72 دروازے ہیں۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ پیغمبر اسلام نے اس مقام پر اپنا آخری خطبہ دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp